سٹی42: وادی کوئٹہ ، بلوچستان کے پہاڑوں، زیارت اور قلات میں برفباری سے بلوچستان کے ساتھ پنجاب میں بھی موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج اتوار کے روز سے بارش اور برف باری کا نیا سپیل شروع ہو رہا ہے جس کے اثرات پنجاب میں سردی میں مزید اضافہ کی صورت میں سامنے آئیں گے۔
بارش اور برفباری کے نئے اسپیل سے نوشکی، چاغی، تربت، گوادر اور کیچ سمیت پنجگور میں بارش کے امکانات ہیں جبکہ کوئٹہ، قلات، چمن، زیارت، قلعہ عبداللہ، توبہ اچکزئی اور کان مہتر زئی میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔
ہفتہ کے روز قلات میں ٹمپریچرمنفی دو اور کوئٹہ میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ تھا جبکہ لاہور میں ٹمپریچر چھ سے کم ہو کر پانچ اور پانچ سے گر کر چار ڈگری سینٹی گریڈ ہو چکا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب میں شدید سردی کے آئندہ تین روز میں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ لاہور میں چار دن کے وقفہ کے بعد دھند ہفتہ کی شام سے دوبارہ نمودار ہو چکی ہے۔