ویب ڈیسک : فرانس نے انٹرنیٹ صارفین کا ڈیٹا اکھٹا کرنے کے لیے کوکیز کا استعمال جاری رکھنے پر گوگل کو ریکارڈ 15 کروڑ یوروز جبکہ فیس بک کو چھ کروڑ یوروز جرمانہ کردیا۔
فرانس کے نیشنل کمیشن برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ فریڈم (سی این آئی ایل) کی طرف سے گوگل پر عائد کیا جانے والا 15 کروڑ یوروز کا جرمانہ ایک ریکارڈ ہے۔ کوکیز کے استعمال پر گوگل کو قبل ازیں دسمبر 2020 میں 10 کروڑ یوروز جرمانہ کیا گیا تھا۔
فیس بک کو چھ کروڑ یوروز کا جرمانہ کیا گیا۔ سی این آئی ایل نے طے کیا ہے کہ ویب سائٹ فیس بک ڈاٹ کام، گوگل ڈاٹ ایف آر اور (گوگل کی ملکیت) یوٹیوب ڈاٹ کام صارفین کو کوکیز کے استعمال کی اجازت دینے سے انکار کی سہولت نہیں دیتے اور انہیں مجبورا کوکیز کو قبول کرنا پڑتا ہے۔سی این آئی ایل کا مزید کہنا ہے کہ دونوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو اپنا طریقہ کار قواعد کے مطابق بنانے کے لیے تین ماہ کا وقت دیا گیا جس کے بعد فرانس انہیں یومیہ ایک لاکھ یوروز کا جرمانے کرے گا۔
فیس بک نے تبصرے کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔ جبکہ گوگل کا کہنا ہے کہ وہ حکومتی تجاویز کے مطابق تبدیلی لانےکےلئے تیار ہیں۔
یادرہے کوکیز وہ ڈیٹا ہوتا ہے جسے صارفین کو آن لائن ٹریک کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔کوکیز ایسے ڈیٹا پیکٹس کو کہتے ہیں جو صارف کے کمپیوٹر میں اس وقت داخل کیے جاتے ہیں جب وہ کسی ویب سائٹ کو براؤز کرتا ہے۔اس طرح ویب براؤزرز کو سیشنز کے بارے میں معلومات ذخیرہ کرنے کا موقع مل جاتا ہے۔ کوکیز گوگل اور فیس کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں کیونکہ ان کے ذریعے وہ ان اشتہارات کو مخصوص شکل دینے کے قابل ہو جاتے ہیں جو ان کی آمدن کا بنیادی ذریعہ ہیں۔