(ملک اشرف) لاہور ڈسٹرکٹ بار کے انتخابات کل ہونگے، پولنگ صبح نو بجے سےشام پانچ بجے تک ہوگی، کل 12سو70 وکلا بائیو میٹرک سسٹم کے تحت اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کریں گے، صدارت کی نشست پر فرہاد علی شاہ اور راؤ سمیع کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہوگا۔
لاہور ڈسٹرکٹ بار کے انتخابات کیلئے ایوان عدل میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،چیئرمین الیکشن بورڈ عمران مسعود نے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، پولنگ کے لیے چھ پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، ایک بوتھ خواتین وکلاء کا ہو گا، انتخابی عمل کو بارش کی نذر ہونے سے بچانے کیلئے ایوان عدل کے اردگرد واٹر پروف ٹینٹ لگائے گئے ہیں، کُل 36 امیدوار میدان میں ہیں، صدارت کی نشست پر عاصمہ جہانگیر گروپ کے فرہاد علی شاہ اور حامد خان گروپ کے رائو سمیع کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے جبکہ سیکرٹری کی 2 نشستوں پر ایم جاوید ہاشمی، رانا حسنین منج، راناعمران سرور، عزیزعالم چودھری،عمار یاسر کھوکھر، عمر وقاص، کاشف علی چودھری، ملک کفیل کھوکھر، نوید طارق اعوان اور دیگر کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
نائب صدر کی دو نشستوں کے لیے دس امیدوار احسان نواب،الیاس حبیب چوہان,امین گورائیہ,خرم میر,سجاد بٹ، سعید احمد قادری، عائشہ محمود، علی عثمان بٹ، ملک جہانگیر اور میاں اسد کے درمیان مقابلہ ہے۔ ماڈل ٹائون کچہری میں نائب صدر کیلئے چودھری عظمت ضیا،ہادی حسین بھٹی، کینٹ کچہری میں نائب صدر کے لیے رفاقت امین اور فرخ احمد خان کے درمیان مقابلہ ہے اور جوائنٹ سیکرٹری کی نشست کیلئے طاہرہ شاہین،محمدزوہیب خان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔