( سٹی 42 ) سانحہ موٹروے میں خاتون زیادتی کیس میں ملوث دونوں ملزمان کو پکڑنے والی پولیس ٹیموں کو 30 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا، کانسٹیبل سے لے کر انسپکٹر رینک کے 40 افسران واہلکاروں کو آئی جی پنجاب انعامی رقم سے نوازیں گے۔
سانحہ موٹروے کیس کو حل کرنے، ملزمان عابد ملہی اور شفقت کو گرفتار کرنے والے کانسٹیبل سے لے کر انسپکٹر رینک کے 40 افسران واہلکاروں کو تعریفی اسناد اور نقدانعام کیلئے نامزد کردیا گیا۔ نامزد افسران واہلکاروں میں 4 انسپکٹرز 3 سب انسپکٹرز، اے ایس آئیز جبکہ 28 کانسٹیبلز اورہیڈ کانسٹیبلزشامل ہیں۔ نامزد ہونے والوں میں لاہور پولیس، سی آئی اے، سی ٹی ڈی سمیت دیگر یونٹس کے اہلکار شامل ہیں۔
چند روز قبل لاہور انوسٹی گیشن ونگ کی جانب سے 43 افسران کی فہرست بھجوائی گئی تھی۔ فہرست میں سابق ڈی آئی جی انوسٹی گیشن شہزادہ سلطان، ایس ایس پی سی ٹی ڈی جواد قمر اور سابق ایس پی سی آئی اے عاصم افتخارکے نام شامل بھی تھے۔
تینوں افسران کے نام انعام حاصل کرنے والوں میں شامل نہیں کئے گئے، صرف کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک کے افسران کو انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا۔ اگلے ہفتے آئی جی پنجاب کی جانب سے انعامی رقم جاری اور باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔