کوئنز روڈ (عرفان ملک) سابق سی سی پی او عمر شیخ کی جانب سے افسروں پر کروائے گئے مقدمات کی تحقیقات کا فیصلہ، تحقیقات کیلئے نئے سی سی پی اونے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات میں دیکھا جائے گا، افسرو اہلکار 155 سی کے مرتکب ہوئے یا نہیں؟ سابق سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے اپنی تعیناتی کے دوران پولیس افسران اور اہلکاروں پر 19 مقدمات درج کروائے، جن میں 22 افسروں اور اہلکاروں کو نامزد کیا گیا تھا، عمر شیخ کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد پولیس نے مقدمات کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دیدی۔
سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھاکہ مقدمات 155 سی کے تحت درج کروائے گئے تھے، تاہم اب اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ کیا واقعی افسر و اہلکاروں نے اختیارات سے تجاوز کیا تھا یا ان پر مقدمات کسی اور وجہ سے درج ہوئے۔
سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ مقدمات کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے اور میرٹ پر فیصلہ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں سی سی پی او نے اپنی ٹیم کے ساتھ جرائم پیشہ افراد ، قبضہ گروپس اور بدمعاشوں کے خلاف اعلان جہاد کر دیا ہے جس میں وہ اپنی پوری طاقت کے ساتھ ان کے سامنے کھڑے ہوں گے,کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔