مہنگائی کا ایک اور ہلہ

مہنگائی کا ایک اور ہلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اکبری منڈی (شہزاد خان) چینی کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ، اکبری منڈی اور اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت 7 سے 10 روپے فی کلو مہنگی ہوگئی، اوپن مارکیٹ میں چینی 92 سے 95 روپے فی کلو  گرام میں فروخت ہوئی، شوگر ڈیلرز نے ملبہ ملز مالکان پر ڈال دیا ۔

صوبائی دارالحکومت لاہور  میں چینی کی تھوک مارکیٹ میں 100 کلو  کی بوری 8500 سے بڑھ کر 8800 روپے کی ہوگئی، ہول سیل منڈی میں چینی 88 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے، شہر  کی پرچون مارکیٹ میں چینی کی قیمت 7 سے 10 روپے بڑھ کر 92 سے 95 روپے فی کلو ہوگئی۔

شہریوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہاہے کہ چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں مکمل ناکام ہوچکی ہیں۔

شوگر ڈیلرز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شوگر ملز  مالکان نے چینی کی سپلائی کم کی جس سے قلت پیداہوئی ، حکومت نے نوٹس نہ لیا تو پھر چینی کی قیمت فی کلو 100 روپے سے تجاوز کرنے کا خدشہ ہے ۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ گراں فروشوں کیخلاف متحرک ہوگئی،  اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشید نے جی ون مارکیٹ میں پرائس انسپکشن کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا نے پی آئی اے روڈ پر قیمتوں کو مانیٹر کیا۔

ذرائع کے مطابق جی ون مارکیٹ میں تین افراد کو گراں فروشی پر بارہ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، پی آئی اے روڈ پر ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر دکانداروں کو 24 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

Sughra Afzal

Content Writer