( ریحان گل ) شاہی قلعہ کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے اطراف میں موجود تجاوزات ختم کرنے کا فیصلہ، والڈ سٹی اتھارٹی نے شاہی قلعہ کے عقب میں موجود رِم مارکیٹ ختم کرنے کی منظوری دے دی۔
شاہی قلعہ کے عقب میں تین سو دکانوں پر مشتمل رم مارکیٹ موجود ہے، والڈ سٹی اتھارٹی کی جانب سے شاہی قلعہ کے اطراف کے علاقے کو بفر زون ڈیکلیئر کرنے کے بعد تمام تجاوزات ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق شاہی قلعہ کے عقبی گیٹ سے مریم زمانی مسجد تک کا راستہ بادشاہ کی گزرگاہ کے طور پر استعمال ہوتا تھا، اس لئے اسے اصل شکل میں بحال کیا جائے گا تاکہ سیاحوں کو راغب کیا جاسکے۔
رِم مارکیٹ میں موجود دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ پچاس سال سے اس علاقے میں کاروبار کررہے ہیں، والڈ سٹی اتھارٹی ہمیں متبادل کے طور پر موزوں جگہ دے اور مارکیٹ ریٹ کے مطابق ادائیگی کی جائے۔
شاہی قلعہ کے عقب میں رِم کے کباڑ کی دکانیں حسن کو دھندلا رہی ہیں جبکہ مریم زمانی مسجد کے احاطے اور اطراف میں جوتے بنانے والوں نے قبضہ کررکھا ہے۔