سٹی42: بھارتی صحافی اور بمبئے پریس کلب کے سابق سیکرٹری جتن ڈیسائی نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا ، جتن ڈیسائی کا کہنا ہے کہ لاہور شہر محبت کرنے والوں کا شہر ہے جبکہ کرتار پور بارڈر کا کھلنا بہتری اور امن کی جانب ایک قدم ہے۔
لاہور پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی صحافی جتن ڈیسائی نے کہا کہ ہم سب کو مل بیٹھ کر دونوں اطراف میں موجود غلط فہمیوں کو دور کرنا ہو گا اور ہمیں دونوں ممالک کے تعلقات سے متعلق بچپن میں جو بتایا جاتا ہے ویسا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان پاکستان میں بھارتی صحافیوں کو ملے اور ان سے بات چیت کی مگر بھارتی وزیراعظم آج تک بھارتی صحافیوں کو نہیں ملے جبکہ حامد انصاری کی رہائی کا بھارت میں اچھا تاثر گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کے مسئلے کو دونوں اطراف میں انسانیت کی نظر سے دیکھنا چاہیئے اور بات چیت ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ تقریب کے اختتام پر جتن ڈیسائی کو لاہور پریس کلب کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔