(عمر اسلم) صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کا کہنا ہے کہ سکول آج سے ہی کھل گئے ہیں کسی نے ان کے نام سے غلط ٹوئٹ کیا اس پر تحقیقات کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ یکساں تعلیمی نظام کو لانے کی کوشش کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ میرے ٹوئٹ کو غلط طریقے سے استعمال کیا گیا اور آج سے تمام سکول کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں پتہ کس نے یہ حرکت کی ہے لوگوں کو تکلیف دی گئی، جبکہ ہمارے نوٹیفیکیشن کو بھی غلط طریقے سے استعمال کیا گیا۔
صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ سکولز سے بات چیت جاری ہے کہ وہ اساتذہ کو چھ چھ ہزار کی تنخواہیں دے رہے ہیں یہ دکھ کی بات ہے۔ پیف کے فنڈ میں کٹوتی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں ابھی کسی بھی چیز پر کٹوتی نہیں کی جارہی اور تعلیم میں اگلے 90 دنوں میں نئی تبدیلیاں دیکھے گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ سکولوں کی نئی بلڈنگز بنانے کی بجائے خطرناک بلڈنگز کو ٹھیک کرنا، سب کو ایک جیسی تعلیم دینا سب سے ضروری ہے تاہم یکساں نظام تعلیم کو لانے میں تھوڑا ٹائم لگے گا۔