(سٹی42) سابق دور حکومت نے اپنی تیزیوں میں لیپ ٹاپ کی خریداری میں تمام قوانین کی دھجیاں اڑائیں دیں، لیپ ٹاپ سکیم 17-2016 میں سابق چیف سیکرٹری پنجاب کا شہباز شریف کی ہدایات کا تحریری حکم نامہ منظر عام پر آگیا۔
تفصیلات کےمطابق سابق دورحکومت میں طلبا ء وطالبات کےلئے شروع کئےجانے والےلیپ ٹاپ منصوبےکی حقیقت سامنےآگئی،سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایات پر جاری کیا گیا تحریری حکم نامہ منظر عام پر آگیا، تحریری حکم نامےکے مطابق ایک لاکھ لیپ ٹاپ کی خریداری کسی بھی کمپنی کی بولی یا رعائتی بات چیت کے بغیر فوری مکمل کی جائے، منصوبہ کی بحث چیئرمین پی اینڈ ڈی اور چیئرمین پی آئی ٹی بی سے ہو چکی ہے۔
سابق چیف سیکرٹری زاہد سعید نےسیکرٹری ہائر ایجوکیشن کو خط کے ذریعے اس بات کی ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے احکامات کی فوری پاسداری کی جائے، فی لیپ ٹاپ کی خریداری کیلئے 40 ہزار روپے مختص کئےگئے مگر خریداری 70 ہزار روپے میں ہوئی،ذرائع کا کہنا تھا کہ دستاویزات میں بولی کا عمل نہ ہونے سے 4 ارب کا منصوبہ 7 ارب میں مکمل ہوا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جلد بازیوں نے حکومتی خزانہ کو تقریباً 3 ارب کا نقصان پہنچایا، مزکورہ کیس میں نیب لاہور لیپ ٹاپ کا ٹھیکہ لینے والے کمپنی کےعہدیداران کا بیان ریکارڈ کیاجا چکا ہے، ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ کیس حل ہونے پر سابق وزیر اعلیٰ سمیت اعلیٰ بیوروکریسی کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔