عیشہ خان: سائن بورڈ نہ ہونے کے باعث پچاس ہزار لیٹر آئل سے بھرا ٹینکر وارث میر انڈر پاس میں پھنس گیا۔ امدادی ٹیموں نے چار گھنٹے کی کوششوں کے بعد ٹینکر باہر نکالا لیکن مصروف شاہراہ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کررہ گیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سے آنے والا آئل ٹینکر وارث میر انڈر پاس میں پھنس گیا۔ ٹینکر میں پچاس ہزار لیٹر آئل موجود تھا جو لیک ہونا شروع ہوا تو امدادی ٹیموں نے بھی فوری آپریشن کا آغاز کردیا۔ ڈرائیور کا کہنا تھا کہ انڈر پاس پر سائن بورڈ موجود نہیں تھا اس لئے اونچائی کا اندازہ نہیں ہوسکا۔
لارڈ میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا۔ انکا کہنا تھا کہ ذرا سی لاپرواہی کسی بڑے نقصان کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔
ریسکیو اور دیگر امدادی ٹیموں نے چار گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آئل ٹینکر کو انڈرپاس سے نکال لیا۔ اس دوران انڈرپاس بند رہا اور کینال روڈ پر ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔