اسرار خان: لاہور پولیس کا چھٹی کے روز پتنگ بازوں کیخلاف کریک ڈاؤن، سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے احکامات جاری کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے پتنگ بازی، پتنگ سازی اور پتنگ فروشی کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔ غلام محمود ڈوگر نے عندیہ دیا کہ پتنگ بازی کی شکایت پر متعلقہ ایس ایچ او کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
تھانوں کی سطح پر پتنگ بازی کی نگرانی کیلئے ٹیمیں تشکیل دینے اورڈولفن اور پیرو فورس کو بھی دوران گشت مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔ غلام محمود ڈوگرنے پتنگ بازوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور آن لائن پتنگوں کی خرید و فروخت کرنیوالوں کیخلاف بھی کارروائی کا حکم دیا ہے۔
قبل ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم مومن آغا کی سربراہی میں ہونیوالے اجلاس میں کائٹ فلائنگ ایکٹ میں ترمیم کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پتنگ بنانے والے کو 5 لاکھ روپے سے لے کر 20 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔ پتنگ کی خریدوفروخت کرنیوالے کو ایک لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جائے گا جبکہ پتنگ اُڑانے والے کو 25 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔
محکمہ داخلہ نے مذکورہ تجاویز تیارکرلی ہیں، جنہیں کائٹ فلائنگ ایکٹ میں ترمیم کیلئے پنجاب اسمبلی میں ارسال کیا جائے گا۔