مال روڈ (قذافی بٹ)صوبائی دارالحکومت لاہور میں صفائی مہم کی مانیٹرنگ اسسٹنٹ کمشنرز کے سپرد کردی گئی، تمام اسسٹنٹ کمشنرز صفائی مہم کی موثر مانیٹرنگ کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کے افسروں کیساتھ رابطے میں رہیں گے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں چیئرمین ایل ڈبلیوایم سی امجد علی نون، سی ای او عمران علی، ایڈیشنل سیکرٹری ٹو سی ایم انوار کھرل، سیکرٹری عملدرآمد ٹو سی ایم، جی ایم آپریشنز ایل ڈبلیو ایم سی اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی مہم کو کامیاب اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے حکمت عملی طے کی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں جاری صفائی آپریشن کو مربوط انداز میں آگے بڑھایا جائے گا اور لاہور کے تمام علاقوں سے روزانہ کی بنیاد پر کچرا اُٹھانے کا عمل جاری رکھا جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنے متعلقہ علاقوں میں صفائی مہم پر نظر رکھیں گے اور تعمیراتی ملبہ بھی سڑکوں پر نہیں ڈالنے دیا جائے۔ صوبائی وزیر نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے کچرا اُٹھانے کا میکانزم بنانے کی بھی ہدایت کی ۔
میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ ہمیں اجتماعی کاوشوں سے پاکستان کے دل لاہور کو خوبصورت اور صاف ستھرا شہر بنانا ہے۔