قذافی بٹ : گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کرپشن کے خلاف جہاد بھرپور قوت سے جاری ہے، احتساب سے بچنے کی کوشش کرنیوالوں کا کوئی بہانہ نہیں چلے گا۔
گور نر پنجاب چودھری محمد سرور کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حکومت ہر سطح پر شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنا رہی ہے ، نیب سمیت احتساب کے تمام اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کر دیا ہے - دو نہیں ایک پاکستان بنانے سمیت ہر وعدہ پورا کیا جائیگا- حکومتی معاشی ٹیم کی انتھک محنت کے باعث ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کا ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونا اپوزیشن سے ہضم نہیں ہورہا - وزیر اعظم عمران خان کشمیر یوں کا سفیر ہونے کا حق ادا کر رہے ہیں - مودی کی فسطائی پالیسیوں سے لاکھوں کشمیری مسلمانوں کو اذیت کا سامنا ہے- گورنر پنجا ب کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ کشمیر یوں کی آزادی اور بھارت کی تباہی یقینی ہو چکی ہے-
اس سے قبل چوہدری محمدسرور نے حکومت اور اتحادیوں کے درمیان معاملات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری برداران کی جمہوری اور مثبت سوچ ہے دونوں کے درمیان معاملات حل ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اور اتحادی ملکی مفادکے تحفظ کیلئے متحد ہیں۔ چوہدری محمدسرور کا کہنا تھا کہ اپوزیشن حکومت کے خاتمے کا ہر روز نیا خواب دیکھ رہی ہے مگر وہ خواب ہی رہیگا ۔ انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے تحفظات دور ہوجائیں گے ملک کو مضبوط اور خوشحال بنائیں گے۔
یاد رہے پنجاب میں حکومت میں اختلافات کی خبریں گردش کرتی رہتی ہیں، وزیر اعظم عمران خان اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور میں ناراضگی چل رہی ہے،وزیر اعظم نے دورہ لاہور کے موقع پر ان سے ملاقات بھی نہیں کی تھی،ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب وزرا کے اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے۔