ویب ڈیسک : اداکار فیروز خان کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل فی الحال مالی مستحکم نہیں ہیں اور وہ بچوں کی کفالت کے لیے مانگی گئی رقم نہیں دے سکتے۔
طلاق کے بعد فیروز خان کی جانب سے بچوں کی حوالگی کے لیے عدالت سے رجوع کیا گیا تھا جب کہ علیزا سلطان نے بچوں کا نان نفقہ پورا کرنے کے لیے فیروز خان کے خلاف کیس کر رکھا ہے۔
اسی حوالے سے گزشتہ روز کراچی کی مقامی عدالت میں دونوں فریقین کی درخواست پر دوبارہ سماعت ہوئی جس میں عدالت نے دونوں فریقین کو بچوں کی کفالت کے لیے ماہانہ اخراجات برداشت کرنے پر باہمی رضامندی سے فیصلہ کرنے کا حکم دیا گیا۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیروز خان کے وکیل نے کہا کہ فیروز فی الحال سابقہ اہلیہ علیزا سلطان کی جانب سے بچوں کے لیے مانگی گئی نان نفقہ کی رقم ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، فیروز خان مالی طور پر ابھی کمزور ہیں۔
فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزا سلطان نے بچوں کی کفالت کے لیے ماہانہ 2 لاکھ کی درخواست عدالت میں دے رکھی ہے جب کہ فیروز خان کا کہنا ہے کہ وہ ماہانہ صرف 20 ہزار روپے ہی ادا کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ فیروز خان اور علیزا سلطان کا رشتہ رواں سال ستمبر میں طویل علیحدگی کے بعد طلاق پر ختم ہو گیا تھا، جوڑے کا ایک بیٹا اور بیٹی ہیں۔
View this post on Instagram