سانحہ سیالکوٹ، علماء کرام کا آئندہ جمعہ یوم مذمت منانے کا اعلان

علماء کرام کی پریس کانفرنس-سری لنکن ہائی کمیشن
کیپشن: علماء کرام کی پریس کانفرنس
سورس: Twitter
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ محمد طاہر اشرفی، چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز سمیت علماء کرام کے وفد کی سری لنکا کے ہائی کمشنر سے ملاقات، علماء کرام کی سیالکوٹ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور متاثرہ خاندان کے لئے فوری امداد کی اپیل کردی۔
 علماء کرام کے وفد میں معاون خصوصی حافظ محمد طاہر اشرفی، چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز، چئیرمین رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد اور دیگر علماء کرام اور ممبران اسلامی نظریاتی کونسل بھی شامل تھے۔۔ علماء کرام نے سری لنکن ہائی کمشنر سے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل پر اظہار مذمت کیا اور حکومت کی جانب سے ہونے والی کارروائی سے آگاہ کیا۔

میڈیا سے گفتگو میں حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے جید علما کرام کے ساتھ یہاں تعزیت کے لئے تشریف لائے ہیں، ڈاکٹر قبلہ ایاز، علامہ تقی عثمانی، علامہ عارف واحدی، قاری حنیف جالندھری، علامہ امین شہیدی، ابوالخیر زبیر، حامد سعید کاظمی، پروفیسر ساجد میر سمیت دیگر علماء کرام شریک ہوئے۔ مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ یہ ایسا سانحہ ہے جس کی پورے ملک نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔سری لنکا ہمارا بھائی ملک ہے اور انکے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہیں۔

سابق وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی نے کہا کہ واقعہ پر ہم سب شرمندہ ہیں مذمت کرتے ہیں۔ پروفیسر ساجد میر، ابوالخیر آزاد، حنیف جالندھری نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں سری لنکا کے عوام اور متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں۔ آئندہ جمعہ یوم مذمت منایا جائے گا۔ علماء کرام نے حکومت پر متاثرہ خاندان کی فوری مالی امداد کرنے کی اپیل کی۔

ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ یہ قرآن و سنت، آئین، جمہوریت سمیت پاکستانی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔یہ اقدام پیغام پاکستان سے بھی انحراف ہے۔اس میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ملک عدنان کا اقدام لائق تحسین و قابل تقلید ہے۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے علماء کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام نے جس انداز سے ردعمل اور جو کارروائی عمل میں لائی گئی اس سے مطمئین ہیں۔ہر مکتبہ فکر نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ متاثرہ خاندان کے لیے کمپینسیشن فراہم کی جائے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer