(زین مدنی ) پاکستانی اداکارہ نیلم منیر نے کہا ہے کہ میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ اپنے کام سے کام رکھوں جب کہ میں کسی کے بھی معاملے میں دخل اندازی نہیں کرتی۔
پاکستان کی نامور اداکارہ نیلم منیر نے انٹرویو کے دوران کہا کہ انڈسٹری سے تعلق کے بعد زندگی میں بہت کچھ بدل گیا، کام کرنے کے ساتھ ساتھ بہت ذمہ دار ہوگئی ہوں۔ میں نے کرئیر بناتے ہوئے صرف کام پرتوجہ دی، کون میرے بارے میں کیا سوچتا ہے اور کیا رائے دیتا ہے اس پرمیں نے کبھی نہیں سوچا، میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ اپنے کام سے کام رکھوں جب کہ میں کسی کے بھی معاملے میں دخل اندازی نہیں کرتی۔
اداکارہ سے پوچھا گیا اتنی کامیابی حاصل کرنے کے بعد وہ اب کیا کرنا چاہتی ہیں جس پر انہوں نے جواب دیا کہ وہ منصوبہ بندی کر کے نہیں چلتی ہیں، اگر آگے جا کر انہیں شوبز چھوڑنا پڑا تو چھوڑ دیں گی۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ انہیں کامیڈی فلمیں کرنا بہت پسند ہیں، جب میں 9 کلاس میں تھی جب پہلا کمرشل کیا تھا، آج بھی میں اپنی ماں کی طرح بننا چاہتی ہوں، وہ میری آئیڈیل ہیں، امی نے ہمارے پرورش بہترین اندازمیں کی، ہمیں کبھی احساس نہیں ہونے دیا کہ ہمارے والد کا انتقال ہوچکا ہے۔
اداکارہ سے محبت اورشادی سے متعلق پوچھا گیا توان کا کہنا تھا کہ محبت بہت مشکل چیز ہے جو مجھ سے نہیں ہوتی، جو مجھ سے محبت کرے گا اس میرے دل کے تک جانا ہوگا جو بہت مشکل کام ہے، میں اپنے سارے معاملات اللہ پر چھورتی ہوں، جو ہوتا ہے بہتر ہوتا ہے، زندگی کا ہر سکون میرے پاس ہے، غصہ بہت کم آتا ہے جب کہ میں دوسروں کی مدد کرنے میں سب سے آگے ہوں تاہم میں لوگوں سے زیادہ امید نہیں لگاتی۔ مجھے اللہ نے وہاں پہنچادیا جہاں کا میں نے سوچا بھی نہ تھا، میرے پاس سب کچھ ہے۔