عوام کو ریلیف دینے کیلئے آخری حد تک جاﺅں گا:وزیراعلیٰ پنجاب

عوام کو ریلیف دینے کیلئے آخری حد تک جاﺅں گا:وزیراعلیٰ پنجاب
کیپشن: City42 - CM Punjab Usman Buzdar
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ عوام کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑں گا۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے آخری حد تک جاﺅں گا۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ جس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔  اجلاس میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو از سرنو تشکیل دے کر فعال کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ کمیٹیوں میں سول سوسائٹی کے نمائندے اور منتخب نمائندے ہوں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں۔ پرائس کنٹرول کے حوالے سے ہر ضلع کی کارکردگی مانیٹر ہوگی اور اچھی کارکردگی پر شاباش ملے گی اور ناقص کارکردگی پر بازپرس ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ریٹ لسٹیں دکانوں پر نمایاں طور پر آویزاں کی جائیں اور ذخیرہ اندوزوں،منافع خوروں اور مصنوعی مہنگائی کے نام پر عوام کو لوٹنے والو ں کے خلاف بلاامتیاز  کارروائی کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھیجی جائے۔

 علاوہ ازیں ایوان وزیراعلیٰ میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے  ہوئے انہوں نے کہاکہ عوامی مسائل کے حل اور ملک و قوم کی خوشحالی کےلئے مخلصانہ کاوشوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔تین ماہ میں صرف عوامی خدمت کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا ہے،میرٹ اورگڈ گورننس کو فروغ دیا گیا ہے۔ حقیقی تبدیلی کے ثمرات کو نچلی سطح پر پہنچانے کے لئے موثر حکمت عملی وضع کرلی گئی ہے۔ نئے پاکستان کی منزل کو ہر صورت حاصل کریں گے۔

Sughra Afzal

Content Writer