(رضوان نقوی ): پنجاب یونیورسٹی ایمپلائز ہاؤسنگ سکیم کے اکاؤنٹس فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 8 کروڑ 70 لاکھ روپے کی عدم ادائیگی پر دوبارہ منجمد کر دیئے گئے، ایف بی آر نے پنجاب یونیورسٹی ایمپلائز سکیم کے اکاؤنٹس سے 2 کروڑ 60 لاکھ روپے کی ریکوری کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے پنجاب یونیورسٹی میں واقع ایچ بی ایل برانچ میں پنجاب یونیورسٹی ایمپلائز ہاؤسنگ سکیم کے اکاؤنٹس منجمد کر دیئے ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی ایمپلائز ہاؤسنگ سکیم سال 2008 سے 2011 تک کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 8 کروڑ 70 لاکھ روپے کی نادہندہ تھی۔ ایف بی آر نے دو ماہ قبل بھی پنجاب یونیورسٹی ایمپلائز ہاؤسنگ سکیم کے اکاؤنٹس منجمد کر کے 30 لاکھ روپے کی ریکوری کرلی تھی تاہم ایپلیٹ ٹربیونل کے حکم امتناعی کے بعد ریکوری کی کارروائی روک دی گئی تھی ۔
سٹے کا دورانیہ ختم ہونے پر کمشنر ان لینڈ ریونیو عائشہ عمران بٹ کی ہدایت پر ریجنل ٹیکس آفس ٹو کی ٹیم نے پنجاب یونیورسٹی ایمپلائز ہاؤسنگ سکیم کے اکاؤنٹس دوبارہ منجمد کر کے ریکوری کی ہے۔ ریجنل ٹیکس آفس ٹو کی ریکوری ٹیم میں ایڈیشنل کمشنر آمنہ نعیم، اسسٹنٹ کمشنر ظہور احمد وزیر، انسپکٹر شیخ عرفان اور فیصل چوہدری شامل تھے۔
ایف بی آر نے تاحال مجموعی طور پر پنجاب یونیورسٹی ایمپلائز ہاؤسنگ سکیم کے اکاؤنٹس سے 2 کروڑ 90 لاکھ روپے کی ریکوری کرلی ہے جبکہ بقیہ 5 کروڑ 80 لاکھ روپے کی ریکوری کیلئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔