(ناصر علی): نواںکوٹ پولیس کی مضر صحت اور مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والے گروہ کے خلاف کارروائی، 250 من سے زائد گوشت برآمد کر کے دو ملزموں کو گرفتار کر لیا۔
نوانکوٹ پولیس نے شہریوں کو مردہ جانوروں کا گوشت سے بچا لیا۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر شیراکوٹ بکر منڈی سے ملحقہ بوسیدہ مکان پر چھاپہ مارا گیا، مکان میں 250 من سے زائد بکرے، گائے اور بھینسوں کا گوشت حفظان صحت کے اصولوں کے برعکس ذخیرہ کیا گیا تھا۔
ملزمان کے مطابق بکر منڈی میں جو جانور مر جاتے تھے یا کمزوری اور لاغر پن کے باعث فروخت نہیں ہو پاتے تھے، انہیں وہ اسی مکان میں رکھ لیتے تھے جہاں سے دیگرعلاقوں میں گوشت تیار کر کے سپلائی کرتے تھے۔
پولیس نے گوشت قبضے میں لے کر تین ملزمان کو گرفتار کر لیا جب کہ ایک ملزم فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ کے دیگر ارکان اور سرغنہ کو بھی جلد گرفتار کر لیں گے۔
پولیس نے ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کر کے گوشت کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیئے ہیں جبکہ مضر صحت گوشت کو تلف کرنے کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم سے بھی رابطہ کر لیا گیا۔