روزینہ علی : چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو اٹک جیل میں قید خلاف قانون قرار دینے کیلئے تحریک انصاف کی قیادت نےاسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے، درخواست میں فیملی اور وکلاسے ملاقات کی بھی استدعا کی گئی،پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے دائر درخواست میں عمران خان کو جیل میں اے کلاس کی سہولیات کی فراہمی کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 5 اگست کواسلام آباد کی سیشن عدالت نے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں مجرم قرار دے کر 5 سال کیلئے نااہل اور 3 سال قید کی سزا سنائی تھی، عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے عمران خان کو زمان پارک لاہور سے گرفتار کرنے کے بعد اٹک جیل میں قید کیا گیا ہے ، میڈیا رپورٹس کے مطابق جیل انتظامیہ نے تاحال وکلا اور فیملی میں سے کسی کو بھی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی ہے ۔