(درنایاب) ایل ڈی اے کی ترقیاتی منصوبوں میں کارکردگی کا پول کھل گیا، ایل ڈی اے رواں مالی سال میں کوئی منصوبہ اور سکیم سو فیصد مکمل نہ کرسکا، فنڈز ہونے کے باوجود جاری ترقیاتی سکیموں میں کارکردگی کا گراف 44 فیصد، نئی سکیموں میں 54 فیصد رہا۔
رپورٹ کے مطابق ایل ڈی اے جاری شدہ 11 ارب کے فنڈز میں سے 5 ارب خرچ کرسکا جبکہ ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکسز کو مارچ میں مکمل کرنے کا دعوٰی بھی محض دعوٰی ہی ثابت ہوا،سب سے سست کارکردگی شالامار سپورٹس کمپلیکس کی صفر رہی،سنگھ پورہ کی تین فیصد،کینال بنک ای ایم ای کی چار فیصد رہی ۔
افتتاح کے باوجود شیرانوالہ گیٹ منصوبے کی کارکردگی 60 فیصد،شاہکام 39 فیصد اور گلاب دیوی کی 51 فیصد رہی،شہر کے مختلف جنکشنز پر ٹریفک سٹڈی کا منصوبہ اور شاہراہوں کا ڈیجیٹل ٹوپوگرافک سروے بھی صفر کارکردگی کے ساتھ عدم توجہی کا شکار رہا۔
برکی روڈ کی تعمیر و بحالی کے منصوبہ کی کارکردگی 14 فیصد رہی، سگیاں منصوبے پر 78 فیصد فنڈز،بابو صابو پر 30 فیصد فنڈز استعمال کیے جاسکے، سٹی42 نے فنڈز استعمال کرنے کی سمری اور کارکردگی رپورٹ کی کاپی حاصل کرلی۔