لیسکو کا ڈیڈ ڈیفالٹرز سے 11 ارب کی ریکوری کا فیصلہ

لیسکو کا ڈیڈ ڈیفالٹرز سے 11 ارب کی ریکوری کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شاہد ندیم سپرا) لیسکو نے ڈیڈ ڈیفالٹرز سے گیارہ ارب روپے کی ریکوری کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا، کمپنی نے نجی و سرکاری نادہندگان کے کنکشن منقطع ہونے کے باوجود ریکوری نہ ہونے پر تین اقساط کی سہولت دیدی۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ڈیڈ ڈیفالٹرز سے اربوں روپے کی ریکوری کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، کمپنی نے گیارہ ارب روپے کے نادہندگان سے اقساط میں ریکوری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سرکاری و نجی نادہندگان سے تین اقساط کی صورت میں ریکوری کی جائیگی۔

 دستاویزات کے مطابق سرکاری محکموں اور اداروں کے ذمہ چار ارب روپے واجب الادا ہیں، جبکہ نجی صارفین کے ذمہ سات ارب روپے کے واجبات التواء کا شکار ہیں، کمپنی نے ریکوری مہم کے دوران مذکورہ صارفین کے کنکشن منقطع کر رکھے ہیں اور کنکشن منقطع کر کے نادہندگان کی سائٹ سے سرکاری املاک میں اتاری جا چکی ہیں، تاہم کنکشن منقطع ہونے کے باوجود نادہندگان کی جانب سے بلوں کی ادائیگی نہیں کی گئی، جس کے بعد ریکوری کیلئے لیسکو نے اقساط کی صورت میں جمع کروانے کی اجازت دی ہے، متعدد ڈیڈ ڈیفالٹرز کو تین اقساط کر کے بل ارسال بھی کر دیئے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے لیسکو نے گھریلو صارفین کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، لاک ڈاؤن تک بلوں کی عدم ادائیگی پر کنکشن منقطع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دو سے تین ماہ تک بل جمع نہ کروانے اور اقساط میں جمع کروانے والوں کے کنکشن بھی منقطع نہیں ہوں گے۔

واضح رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا  کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے،  اب تک کورونا وائرس 52 افراد کی جانیں لے چکا ہے، ملک میں 594 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے سندھ 51،  پنجاب میں538،  اسلام آباد میں 4، گلگت بلتستان میں  ایک نیا کیس سامنے آیا ہے، جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز  کی تعداد بڑھ کر3755  ہو گئی ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer