سٹی 42: اداکارہ مایا علی سے کون واقف نہیں۔ڈراموں میں کام کیا تو عروج پایا،فلموں میں آئیں تو نام کمایا،سماجی کاموں میں بھی پیش پیش ہیں ،لیکن من مائل کی’’ منو ‘‘ اچانک منظر عام سے غائب ہوگئیں ہے۔وجہ کیا ہے؟
ہوا یہ کہ کورونا وائرس نے دنیا میں تمام تر لوگوں کی سرگرمیوں اور زندگیوں کو کسی نہ کسی حد تک ضرور متاثر کیا ہے، کوئی لاک ڈاؤن میں سوشل میڈیا کا استعمال پہلے سے زیادہ کررہا ہے تو کسی نے سوشل میڈیا کا استعمال کم کردیا ہے۔اداکارہ کی جانب سےسوشل میڈیا پر ایک طویل پوسٹ شیئر کی گئی جس میں انہوں نے کچھ عرصہ بریک لینے کا اعلان کیا۔
مایا علی نے اپنے چاہنے والوں کو سوشل میڈیا سے بریک لینےکی یہ وجہ بتائی کہ وہ 'اپنے اندر کے سکون کو تلاش کرنے اور پورے نظام کو دوبارہ ترتیب دینے کے لیے یہ بریک لے رہی ہیں، اپنی تفصیلی پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ 'کبھی کبھار ہمیں اپنے ارد گرد کی نعمتوں کے بارے میں سوچنے اور ان کی گنتی کرنے میں وقت چاہیے ہوتا ہے۔
مایا علی نےکہا کہ میری ٹیم میرےمداحوں کو غریبوں میں راشن بیگز تقسیم کرنےکے حوالے سے اپ ڈیٹ کرتی رہے گی۔خیال رہے کہ اداکارہ مایا علی نے کورونا وائرس کے پیش نظر لگائے گئے لاک ڈاؤن کے باعث گھروں میں محصور مستحق افراد تک راشن پہنچانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔
یاد رہے چین کے صوبے ووہان میں جنم لینے والا کورونا وائرس پوری دنیا کو متاثر کرچکا ہے،تمام ممالک تک یہ پھیل چکا ہے، امریکا اور یورپ کو اس نے اپنا دوسرا گھر بنا لیا ہے، اب تک اس وائرس سے 72 ہزار افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں جبکہ 13 لاکھ سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ پاکستان میں ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 52 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 3700 سے تجاوز کرگئی ہے۔