ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کورونا وائرس نے سپر پاورکا معیار بدل دیا: چودھری شجاعت

کورونا وائرس نے سپر پاورکا معیار بدل دیا: چودھری شجاعت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

گلبرگ (علی اکبر) پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے سپر پاورکا معیار بدل دیا ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے کہ سپرپاور اور سپر پلانر صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نیوکلیئر ہتھیاروں اور اپنی عسکری و دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ پر کھربوں ڈالر خرچ کرنے والوں کو کورونا وائرس کے سامنے بے بس ہو جانے کے بعد یہ سمجھ جانا چاہیے کہ یہ رقوم لوگوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے خرچ کی جانی چاہئیں۔

 انہوں نے کہا کہ تمام عالمی لیڈر مل بیٹھ کر اس مسئلہ پر غور کریں کہ دنیا پر اپنا تسلط قائم کرنے کیلئے سپر پاور بننے پر خرچ کیے جانے والے تمام وسائل انسانی صحت اور فلاح و بہبود کیلئے خرچ ہونے چاہیئے۔

  چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ ایٹم بم، میزائل یا کوئی دوسرا ملک مہلک ترین ہتھیار بھی کورونا کو ختم نہیں کر سکتا اور نہ اس پر قابو پانے میں مدد کر سکتا ہے۔اس وائرس کے خلاف جنگ پر دل کھول کر فنڈز نہ لگائے گئے تو یہ بیماری اگلے پانچ سال بھی ختم نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ فوجی طاقت کے بل پر ایک دوسرے کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے منصوبے بنانے والے لیڈر خود بھی ختم ہو سکتے ہیں اور ان کا اسلحہ ان کے بھی کسی کام نہیں آئے گا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے،اب تک یہ وائرس 13لاکھ سے زیادہ انسانوں کو اپنا نشانہ بنا چکا ہے،72 ہزار سے زائد افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں.

کورونا وائرس نے پاکستان میں بھی اپنے قدم جما لیے،  کورونا وائرس کے باعث ملک میں اموات کی تعداد 52 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 3700 سے تجاوز کرگئی ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer