ویب ڈیسک: آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ 6 ستمبر 2023ء کو جدید ہتھیاروں سے لیس دہشتگردوں کے ایک بڑے گروپ نے ضلع چترال کے جنرل علاقے کالاش میں پاک افغان سرحد کے قریب واقع دو پاکستانی فوجی چوکیوں پر حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کے نورستان اور کنڑ صوبوں کے گووردیش، پتیگال، برگ متل اور بتاش کے علاقوں میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت اور ارتکاز کا پتا پہلے ہی لگا لیا گیا تھا اور عبوری افغان حکومت کے ساتھ یہ معلومات بروقت شیئر بھی کی گئی تھیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر ہماری پوسٹیں پہلے ہی ہائی الرٹ پر تھیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بہادر فوجیوں نے بہادری سے مقابلہ کیا اور حملوں کو پسپا کرتے ہوئے دہشتگردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچایا۔ فائرنگ کے تبادلے میں بارہ دہشتگرد مارے گئے جبکہ دشمن کی بڑی تعداد شدید زخمی ہوئی۔
تاہم فائرنگ کے اس شدید تبادلے میں چار بہادر سپاہیوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیننگ آپریشن جا رہی ہے تاکہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشتگردوں کو ختم کیا جا سکے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق چترال کے بہادر عوام بھی دہشتگردوں کو علاقے کا امن خراب کرنے کی اجازت کیخلاف سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ توقع ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشتگردوں کی جانب سے پاکستان کیخلاف دہشتگردی کی کارروائیوں کیلئے افغان سرزمین کا استعمال روکے گی۔