ویب ڈیسک: حیدرآباد میں ٹنڈو جام میں سنگدل سوتیلے باپ نے 3 سالہ معصوم بیٹی کو قتل کرکے لاش گٹر میں پھینک دی۔
پولیس کے مطابق ملزم عدنان قریشی کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ 3 سالہ زینب کا پوسٹ مارٹم کروایا جا رہا ہے۔
کیس کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے تھانہ پر اطلاع دی کہ میری سوتیلی بیٹی کو اس کا سگا باپ زاہد مغل گن پوائنٹ پر لے گیا ہے۔ایس ایچ او ٹنڈو جام اشفاق منگی کا کہنا ہے کہ ملزم نے شبہ کا اظہار کیا کہ بچی کو اس کا باپ زاہد مغل قتل کر دے گا، جبکہ تفتیش میں سامنے آیا کہ ملزم عدنان اپنی سوتیلی بیٹی کو پھل دلانے کے بہانے گھر سے لے کر نکلا تھا۔ شک کے دائرے میں آنے پر ملزم سے تفتیش کی تو اس نے اعتراف جرم کر کے لاش کی نشاندہی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچی کی لاش گٹر سے برآمد کی۔