(ویب ڈیسک) دبئی سے کراچی آنے والی غیر ملکی ائیرلائن کی پرواز میں دوران سفر دو کروڑ روپے مالیت کا سونا چوری ہونے کی واردات پر متعلقہ اداروں نے سر جوڑ رکھے ہیں تاہم کوشش کے باوجود واردات کا سراغ نہیں مل سکا۔
ذرائع کے مطابق دبئی سے 4 ستمبر کی سہہ پہر چار بجے فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 335 کراچی پہنچی تو مسافر محمد مونس نے جہاز کے بالا خانے میں رکھے گئے سامان سے 1542 گرام سونا چوری ہونے کی نشاندہی کی اور واردات کے بارے میں ائیرلائن کے عملے کو فوری طور پر آگاہ کیا۔ جہاز کے عملے نے طیارے کے دروازے بند رکھے اور فوری طور پر کراچی ائیرپورٹ کے سکیورٹی حکام کو آگاہ کیا۔
ائیرپورٹ سکیورٹی فورس کے عملے نے جناح ٹرمینل پر طیارے کے تمام مسافروں اور ان کے سامان کی سو فیصد اسکیننگ کی تاہم سونا برآمد نہیں ہو سکا۔ حکام کے مطابق پاکستان کسٹمز کے عملے نے جہاز اور اس کے عملے کی بھی مکمل تلاشی لی مگر سونے کا سراغ نہیں مل سکا۔
پاکستان کسٹم ذرائع کے مطابق کراچی سے نورتن جیولرز کی جانب سے قانونی طریقے سے امپورٹ کیے گئے زیورات کی نصف قیمت سونے کی شکل میں واپس لائی جا رہی تھی جس کی کسٹم حکام کو پیشگی اطلاع کی گئی تھی۔ ائیر پورٹ پولیس کا کہناتھا کہ واردات کی اطلاع ملی ہے تاہم فضا میں ہونے والی واردات ائیرپورٹ تھانے کا علاقہ نہیں ہے۔
کسٹمز حکام کے مطابق دبئی ائیرپورٹ پر مسافر کی جانب سے سونا ڈکلیئر کیا گیا تھا جس کی دستاویزات بھی مسافر کے پاس موجود ہیں، پاکستان کسٹمز نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ پراسرار واردات ممکنہ طور پر دبئی ائیرپورٹ سے روانگی کے وقت ہوئی، تاہم متعلقہ اداروں کی جانب سے اس سلسلے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔