کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں، عثمان بزدار

کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں، عثمان بزدار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیر اعلیٰ آفس میں لوکل گورنمنٹ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا،سردار عثمان بزدار نے صوبے کے بعض علاقوں میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہروں اور قصبات میں گندگی دیکھ کر بلدیاتی عملے کا ٹس سے مس نہ ہونا افسوسناک ہے،کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کا عملہ اور افسران عوام کے مسائل حل کرنے میں کوتاہی نہ کریں،صوبہ بھر میں لوکل گورنمنٹ کے فنڈز بحال کئے جا چکے ہیں جس سے گراس روٹ لیول پر ترقی کا نیا دور شروع ہوگا،صوبائی حکومت بلدیاتی الیکشن کیلئے تیاریاں مکمل کر رہی ہے،مقامی سطح کی قیادت اور اختیارات کی حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقلی سے ترقی کا ثمر لوگوں کی دہلیز تک پہنچے گا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ بلدیات کے سب انجینئر کی میرٹ پر پروموشن کا عمل تیز کیا جائے،بلدیاتی اداروں میں بلڈنگ انسپکٹرز کی خالی آسامیوں کی بھرتی پر کارروائی جلد مکمل کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ”بلدیہ آن لائن ایپ“ کے یوزرز کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہونا خوش آئند ہے،بلدیہ آن لائن ایپ کے ذریعے پیدائش، شادی وغیرہ سمیت 6 سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ناخواندہ افراد کیلئے بلدیاتی دفاتر میں بھی اندراج وغیرہ کی سہولت فراہم کی جائے۔سیکرٹری بلدیات نے شرکاء کو بلدیاتی الیکشن کی تیاری اور دیگر امور سے متعلق بریفنگ دی۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری قانون، سیکرٹری بلدیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

Malik Sultan Awan

Content Writer