ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

خطرہ بڑھنے لگا، لاہور میں ڈینگی کے 11 مشتبہ مریض رپورٹ

خطرہ بڑھنے لگا، لاہور میں ڈینگی کے 11 مشتبہ مریض رپورٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جیل روڈ (زاہد چودھری) لاہوریئے ڈینگی سے ہوشیار، 24 گھنٹوں میں 11 مشتبہ مریض ہسپتالوں میں رپورٹ، مشتبہ مریضوں کا علاج معالجہ جاری، رواں سال شہر میں ڈینگی وائرس کے 15 تصدیق شدہ مریض سامنے آچکے ہیں۔

حالیہ بارشوں کے باعث صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈینگی کا خطرہ بڑھ گیا، چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں ڈینگی کے 11 مشتبہ مریض ہسپتالوں میں رپورٹ ہوئے ہیں، پنجاب بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے ایک کنفرم کیس کی تصدیق کی گئی ہے جس کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہے، پنجاب میں 630 مشتبہ مریض سامنے آئے ہیں جن کی تشخیص کاعمل جاری ہے۔

 ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق صوبے بھر میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 9271 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوچکا ہے۔

ترجمان محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو خشک اور صاف رکھ کر ڈینگی وائرس سے محفوظ رہیں، ڈینگی کی علامات ظاہر ہونے پر طبی رہنمائی کے لئے 1033پر رابطہ کریں، ڈینگی ٹیمیں آپ کے علاقے میں نہ پہنچیں تو 1033 پر شکایت درج کروائیں۔

دوسری جانب چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے صوبے بھر میں انسداد ڈینگی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کردی، چیف سیکرٹری نے تمام محکموں کو محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ انسداد ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد کا بھی حکم دیا۔

چیف سیکرٹری نے کہاکہ لاہور، شیخوپورہ، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے ڈپٹی کمشنرز ایس او پیز پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنائیں، ڈینگی کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔ 

طبی ماہرین کے مطابق ڈینگی مچھر کے کاٹنے کا صبح سویرے اور غروب آفتاب کے وقت خطرہ زیادہ ہوتا ہے، ان اوقات میں لمبی آستین والی قمیض  پہنی جائے، بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلا جائے، کسی بھی جگہ گھر میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔

 

Sughra Afzal

Content Writer