ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

یوم دفاع 2020 کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ کا پیغام

یوم دفاع 2020 کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ کا پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

6ستمبر ہماری تاریخ کا ایک سنہرا دن ہے جو ہمیں قومی یکجہتی، پاکستانی قوم اور اُس کی افواج کے غیر متزلزل عزم اور بے مثال بہادری کی یاد دلاتا ہے، اس دن ہمارے ملک نے اپنے دیرینہ دشمن کی جانب سے جارحیت کا سامنا کیا اور دیکھا کہ اس کی عوام اور افواج نے شانہ بہ شانہ اپنے وطن کا دفاع کیا۔ یہ دن ہمارے شہداء اور غازیوں کی بہادری اور قربانیوں کا غماز ہے جو اپنے دشمن کی عددی برتری کے باوجود ثابت قدم رہے اور اُس کے ناپاک عزائم کو تحمل ، ہمت اور غیرت مندی سے خاک میں ملادیا۔

پاکستانی قوم یہ دن اپنے بہادر اور جری سپاہیوں، سیلرز اور ائیر مین کی قربانیوں کی یاد میں عقیدت و احترام سے مناتی ہے جنھوں نے اپنے وطن کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی بخوبی حفاظت کی، پاکستان بحریہ کے جہازوں کے دلیرانہ' آپریشن سومناتھ' نے گجرات کے ساحل پر واقع دوار کا پر قائم ریڈار اسٹیشن اور تنصیبات کو تباہ کیا اور دشمن کو حیران و پریشان کر دیا، پاک بحریہ نے نڈر جنگی حکمتِ عملی اور دفاعی پہل سے پوری جنگ کے دوران اپنے سے کئی گنا بڑی بھارتی بحریہ کو بچائو کی پالیسی پر ہی رکھا۔ پاک بحریہ کی آبدوز غازی نے بحر ہند میں اپنا تسلط قائم رکھا اور کامیابی کے ساتھ بھارتی بحر یہ کے بڑے جہازوں کو بندرگاہ تک ہی مقید رکھا۔ 

پاک بحریہ ملک کے بحری مفادات اور سرحدوں کے دفاع کیلئے پر عزم ہے، پاک بحریہ کثیرالجہتی بحری خطرات سے نبرد آزما ہونے اور دشمن کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر طرح سے تیار ہے، پاکستان نیوی خطے میں بحری سکیورٹی کیلئے قائم کمبائنڈ میری ٹائم فورس کے اشتراک کا ایک اہم حصہ ہے اور بحر ہند میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے قیام کا بھی یہی مقصد ہے، جنگ کو روکنے اور بحری حدود کے دفاع کے ساتھ ساتھ، پاک بحریہ میری ٹائم سیکٹراور بلو اکانومی کو فروغ دے کر قومی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ 

ہمت،  عزم،  قربانی اور قومی سا  لمیت کا مظہر، یہ دن تقاضہ کرتا ہے کہ بے غرض ہو کر ملک کے لیے کام کیا جائے۔ یہ دن بحیثیتِ قوم ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قائد کے عظیم اصولوں پر کاربند رہیں اور اللہ تعالیٰ پر کامل یقین رکھیں۔ آج، پاک بحریہ کے افسران، مردوخواتین ملک کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنے عزم کو دُہراتے ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک ترقی یافتہ اور پر امید مستقبل مہیا کیا جا سکے۔

میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے سر انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔

Sughra Afzal

Content Writer