( شہباز علی ) قومی کرکٹرز نے ڈومیسٹک کرکٹ میں پی سی بی کے کوکا بورا گیند کے استعمال کرنے کے فیصلے کو بہترین قرار دے دیا، سٹار کرکٹرز کہتے ہیں کہ اس فیصلے سے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ میں خود ایڈجسٹ کرنے میں آسانی ہوگی۔
سٹار کرکٹرز سرفراز احمد، اظہر علی، محمد عامر اور وہاب ریاض نے بورڈ کے کوکا بورا گیند استعمال کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا۔ ٹیسٹ وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد اور سٹار بلے باز اظہر علی کہتے ہیں کہ اس فیصلے سے ہمارے باؤلرز کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں کوکابورا گیند کا بہتر استعمال کرنا آئے گا، کیوں کہ کوکابورا بال ڈیوک کے مقابلے میں کم سوئنگ ہوتا ہے۔
سٹار فاسٹ باؤلرز محمد عامر اور وہاب ریاض کوکا بورا گیند کے استعمال پر کہتے ہیں کہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے علاوہ انٹرنیشنل کرکٹ میں مکمل طور پر کوکا بورا گیند کا استعمال ہوتا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں کوکا بورا گیند کے استعمال سے نوجوان فاسٹ باؤلرز کو بین الاقوامی کرکٹ کی تیاری میں مدد ملے گی۔
14 ستمبر سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے فرسٹ کلاس، قومی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹس میں کوکابورا گیند استعمال کیا جائے گا۔ کوکابورا گیند قیمت کے اعتبار سے ڈیوک اور گریس کے مقابلے میں تقریبا 15 سو سے 2 ہزار روپے تک مہنگا ہے۔