(عابد چوہدری) انویسٹی گیشن پولیس کوٹ لکھپت نے جعلی کرنسی تیار کرنے کے دھندے میں ملوث 2ملزمان گرفتار کر لئے۔
انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق گرفتارملزمان میں سرغنہ محسن حسن اور اس کا ساتھی شبیر احمد شامل ہیں۔گرفتار ملزمان سے نوٹ تیار کرنے والا کیمیکل، خام نوٹ پیپرز اور کاغذ سلائیڈرز وغیرہ برآمد ہوئے ہیں۔ ملزمان سادہ لوح شہریوں کو جعلی کرنسی تیار کرنے کاجھانسہ دے کر رقم بٹورتے تھے۔ملزمان نے چند روز قبل شہری محمد ندیم سے بھی 15لاکھ روپے کی رقم بطور ایڈوانس وصول کی تھی۔
انویسٹی گیشن پولیس کوٹ لکھپت نے ملزمان کوجدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتارکیا جن سے تحقیقات جاری ہے۔
دوسری جانب نواں کوٹ پولیس نے علاقہ غیر سے گاڑی کے خفیہ خانوں میں منشیات چھپا کر لانے والی گاڑی پکڑ لی،،پولیس نے منشیات برآمد کر کے ملزم احمد خان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن کے مطابق منشیات کا بین الصوبائی سمگلر احمد خان علاقہ غیر سے لاہور منشیات سپلائی کرنا چاہتا تھا،پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے منشیات کی سمگلنگ میں استعمال ہونیوالی کرولاکاربھی قبضہ میں لے لی۔
ملزم کے پی سے منشیات سمگل کر کے پنجاب کے مختلف اضلاع میں سپلائی کرتا تھا،ملزم عرصہ دراز سے گاڑی میں بنائے گئے خفیہ خانے میں منشیات چھپا کر سمگل کرنے کا مکروہ دھندہ کررہا تھا۔ڈی ایس پی عمر فاروق بلوچ اور انچارج انویسٹی گیشن نواں کوٹ قمر ساجد نے ملزم کو گرفتارکیا۔