( راؤ دلشاد حسین ) نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر لاہور مدثرریاض ملک نے عہدے کا چارج سنبھال لیا، افسران سے ملاقات ڈی سی لاہور کہتے ہیں، شہریوں کے مسائل حل کرنا، شہر کی صفائی اور خوبصورتی، لاہوریوں کورونا وائرس، ڈینگی اور پولیو سے نجات دلانا اولین ترجیحات ہونگی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک باقاعدہ چارج سنبھالنے کےلیے آفس پہنچے تو افسران نے ڈی سی لاہور کا استقبال کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے مدثرریاض ملک کو تعارف کروایا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مہر عبدالرروف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس انور بریال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صفدر ورک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹر عامر شفیق، سینئر ایڈمن آفیسر شاہد محبوب، پرسنل سٹاف آفیسر ٹو ڈی سی عاصم سلیم، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ مرضیہ سلیم، اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری، اسسٹنٹ کمشنر شالامار مہدی مالوف اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کواٹر رانا امجد بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے کہا کہ شہر کو نہ صرف صاف کرناہے بلکہ خوبصورت بھی بنانا ہے، سڑکوں پر سٹریٹ لائٹس کو ہر صورت روشن کرنا ہے اور شہریوں کے مسائل بھی حل کرنے ہیں۔ مدثر ریاض ملک نے کہا کہ پولیو، ڈینگی اور کویڈ19 سے نجات کے لیے دن رات کام کرنا ہوگا، شہر کے انتظامی امور کی تمام ذمہ داری اسسٹنٹ کمشنرز کے سپرد ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی ہو یا ایم سی ایل کے مسائل، افسران کے دروازے سو فیصد عوام کے لئے کھولنے ہونگے۔ شہریوں کے تحفظات دور کرنے ہیں، انکو محسوس ہونا چاہئے کہ انکے کام ہو رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے دعویٰ کیا کہ کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہوگی، خاص طور پر پٹواریوں کو بتا دیں، اگر افسران کام ٹھیک کر رہے ہیں تو انکی عزت کی حفاظت میرے ذمہ ہے۔