(رضوان نقوی)شہرہ آفاق گلوکار راحت فتح علی خان کی بیرون ملک سے آمدن کا سراغ لگانے کیلئے ایف بی آر کی کارروائی میں پیشرفت ہوئی ہے،ایف آئی اے نے ایف بی آر کو راحت فتح علی خان کی 15سالہ ٹریول ہسٹری فراہم کردی،گلوکار نے بیرون ملک کے 485دورے کئے۔
تفصیلات کے مطابق شہرہ آفاق گلوکار راحت فتح علی خان کی بیرون ملک سے آمدن کا سراغ لگانے کے لئےایف بی آر کی کارروائی میں پیشرفت ہوئی، ایف آئی اے نے ایف بی آر کو راحت فتح علی خان کی 15سالہ ٹریول ہسٹری فراہم کردی،ایف آئی اے کے آئی بی ایم ایس ونگ نے گلوکار راحت فتح علی خان کی 11صفحات پر مشتمل سفری تفصیلات فراہم کیں۔
ایف بی آر نے گلوکار راحت فتح علی خان کی سال2014سے 2020تک کی سفری تفصیلات مانگی تھیں،ایف آئی اے ہیڈکوارٹر کے آئی بی ایم ایس ونگ نے راحت فتح علی خان کے گزشتہ 15سال کے دوران بیرون ملک کے دوروں کی تفصیل بھجوادی،ایف آئی اے کی دستاویزات کے مطابق گلوکار راحت فتح علی خان نے 20اپریل2005سے17اگست 2020تک مختلف ملکوں کے 485 دورے کئے۔
گلوکار راحت فتح علی خان نے سب سے زیادہ برطانیہ،آسٹریلیا،امریکا،کینیڈا،بھارت،عرب امارات کے دورے کئے،ایف بی آر نے عالمگیر شہرت رکھنے والے گلوکار راحت فتح علی خان کی بیرون ملک سے آمدن کی چھان بین شروع کررکھی ہے،گلوکار راحت فتح علی خان نے سال 2019 میں اپنی سالانہ آمدن 1کروڑ 77لاکھ 45ہزار308روپے ظاہر کی۔
راحت فتح علی خان نے اپنی آمدن پر 51لاکھ 29ہزار 580روپے ٹیکس ادا کیا،ایف بی آر میں گلوکار راحت فتح علی خان کا سال 2016,17کا آڈٹ بھی زیرالتواء ہے،ایف بی آر نے ٹریول ہسٹری کی تفصیل موصول ہونے کے بعد گلوکار کے خلاف کارروائی تیز کردی۔