ویب ڈیسک: بالی ووڈ انڈسٹری کے سینئر اداکار دلیپ تاہل پاکستان مخالف فلم میں ذوالفقار علی بھٹو کا کردار نبھائیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں ماہ ریلیز ہونے والی ہدایتکار سنکلپ ریڈی کی فلم آئی بی 71 میں اداکار دلیپ تاہل پاکستان کے پہلے منتخب وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو کا کردار ادا کریں گے۔
ماضی کی فلموں میں کئی مرتبہ پہلے بھارتی وزیرِاعظم جواہر لال نہرو کا کردار ادا کرنے والے دلیپ تاہل کا کہنا ہے کہ انکے لئے ذوالفقار علی بھٹو کا کردار نبھانا کسی چیلنج سے کم نہ تھا جس کیلئے وہ ہرگز منع نہیں کر سکتے تھے۔
اداکار نے بتایا کہ بھٹو کا کردار نبھانے کیلئے انہیں کئی مہینوں تک محنت کرنی پڑی تاکہ ان کی چال ڈھال، بولنے اور تقریر کرنے کے انداز کو سیکھا جا سکے۔
فلم آئی بی 71 میں پاک بھارت علیحدگی کے بعد رونما ہونے والے واقعات کو ایک مرتبہ پھر پاکستان کے خلاف دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ فلم 12 مئی کو بھارت کے سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
فلم میں بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو ودیت جموال مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے جبکہ دیگر اہم اداکاروں میں انوپم کھیر، وشال جیٹھوا اور دلیپ تامل شامل ہوں گے۔