24 نیوز:سابق وزیراعظم عمران خان کا جہانگیر ترین پر ذاتی فائدے اٹھانے کا معاملہ ،جہانگیر ترین نے عمران خان کے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا۔
سینئر سیاستدان اور ترین گروپ کے سربراہ جہانگیر ترین نے 24 نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ میرا پاکستان میں شوگر ملز کا جدید اور شفاف نظام ہے۔میرا کاروبار کسی حکومتی مدد پر انحصار نہیں کرتا ۔کبھی بھی شوگر ملز چلانے کیلئے حکومت کی طرف نہیں دیکھا ۔
جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ شوگر کمیشن بننے پر تمام ریکارڈ دیا اور خود عدالت کے سامنے پیش ہوا۔ میں نے ن لیگ یا کسی اور سیاسی جماعت میں شمولیت نہیں کی ۔ ہمارے لیے ذاتی مفاد سے زیادہ پاکستانی مفاد اہم ہے ۔پنجاب کی عوام کی بہتری کیلیے فیصلے لیے تھے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے پرانے ساتھی جہانگیر ترین پر شوگر کمیشن بننے پر اختلافات اور کرپشن کی حمایت کے الزامات لگائے تھے ۔