ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کے 20 منحرف ارکانِ قومی اسمبلی کے خلاف نا اہلی ریفرنسز کے کیس کی سماعت کے دوران کئی منحرف ارکان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جواب جمع کرا دیے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت 3 رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی۔نور عالم خان کے وکیل بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ نور عالم خان کی جانب سے جواب جمع کروا دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے الیکشن کمیشن سے وقت مانگ لیا اور استدعا کی کہ ہمیں جواب کا جائزہ لینے کا وقت دیا جائے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہمیں تو لگ رہا تھا کہ منحرف ارکان کے وکلاء وقت مانگیں گے۔
دوسری جانب منحرف ارکان فرخ الطاف، عاصم نذیر، افضل خان دھاندلہ، نواب شیر وسیر اور راجہ ریاض نے بھی جواب جمع کروا دیے۔چیف الیکشن کمشنر نے فریقین کو دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کل دونوں فریقین کے دلائل سنیں گے۔
منحرف ارکان کے وکیل نے کہا کہ اگر جواب الجواب آیا تو تیاری کے لیے وقت درکار ہو گا۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی۔