(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی فلم ’ کاف کنگنا‘ کی ہیروئن اور اداکارہ ایشل فیاض اپنے بچپن کا دلخراش واقعہ بتاتے ہوئے رو پڑیں،اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ان کے سوتیلے باپ نہیں انہیں تین سے چار بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں میزبان نے اداکارہ ایشل فیاض سے بچپن سے متعلق سوالات پوچھے، انہوں نے بتایا کہ میری عمر 3 سال تھی جب والد کا انتقال ہو گیا جس کے بعد امی نے دوسری شادی کر لی، تھوڑی سی بڑی ہوئی تو سوتیلے باپ نے زیادتی کرنے کی کوشش کی اور یہ صرف ایک نہیں بلکہ 3 بار ہوا۔
ایشل کا کہنا تھا کہ جب چوتھی بار انہوں نے میرے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی تو میں نے اپنی بہن کو مطلع کیا جس کے بعد ہم امی کے پاس گئے اور پوری کہانی بتائی، دوران انٹرویو اداکارہ نے انکشاف کیا کہ اس سارے واقعے کے بعد امی اور ان کے درمیان طلاق ہو گئی۔
View this post on Instagram
اداکارہ نے کہا کہ اب بھی بچپن کے واقعے کے بارے میں سوچتی ہوں تو کانپ جاتی ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ ابھی بھی میرا تعلق مڈل کلاس گھرانے سے ہے اور میں یہ سوچ رہی ہوں کہ اگلے مہینے کا کرایہ کیسے ادا کرنا ہے۔
یاد رہے کہ ایشل فیاض اور خلیل الرحمان قمر کی شادی کی افواہیں گردش کررہی تھیں جس پر اداکارہ نے خاموشی توڑتے ہوئے ان کی تردید کی اور کہا کہ اللہ جانتا ہے کہ میری اور خلیل الرحمان کی شادی کی افواہیں کس نے پھیلائیں مجھے اس بارے میں کوئی علم نہیں۔
ایشل نے کہا جب میری اور خلیل الرحمان کی شادی کی افواہیں پھیلیں تو میں ڈر گئی تھی اور میں اپنے کمرے میں اکیلے بیٹھ کر رو رہی تھی لیکن مجھے میری والدہ نے سمجھایا ڈر کے بیٹھنے سے کچھ نہیں ہوگا، لوگوں کے سامنے جاؤ اور وضاحت دو جس کے بعد میں نے انٹرویو میں ان تمام افواہوں کو جھوٹا قرار دیا۔