حسن علی: پاکستان سمال ٹریڈرز اینڈ کاٹج انڈسٹری کے صدر بابر بٹ کی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی اور پنجاب حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں متوقع نرمی اور تاجروں کے لئے ایس او پیز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان سمال ٹریڈرز اینڈ کاٹج انڈسٹری کے صدر بابر بٹ، سینئر نائب صدر چودھری سلطان محمود، محمد بدر بھی موجود تھے۔ بابر بٹ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں گورنر پنجاب کی جانب سے تاجروں کے مسائل کو وفاق تک پہنچانا قابل ستائش ہے اور جیسے کہ اب حکومت لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے جا رہی ہے جس سے تاجروں کے معاشی مسائل حل ہونگے.
بابر بٹ کا کہنا تھا کہ اللہ سے دعا ہے کہ جلد از جلد کرونا وائرس کا خاتمہ ہو، تاجر ہر مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ ہیں اور تاجر وں کو کرونا سے بچاو کے لئے حکومت کے تمام ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا تاکہ وہ خود بھی کرونا سے بچ سکیں اور دوسروں کو بھی بچائیں۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں جس طرح تاجروں نے حکومت کا ساتھ دیا, اسکی مثال نہیں ملتی تاہم حکومت تاجروں کے معاشی مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور اسی لئے حکومت پنجاب نے صوبے میں احتیاط کے ساتھ کاروبار کھولنے کے حوالے سے وفاق کو سفارش کی ہے۔
واضح رہےکہ24 مارچ سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے، لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 44 واں روز ہے، تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز، سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ ،ریلوے کا پہیہ جام ہے، کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں۔