ٹرین آپریشن کی جزوی بحالی کا معاملہ ایک بار پھر لٹک گیا

ٹرین آپریشن کی جزوی بحالی کا معاملہ ایک بار پھر لٹک گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سعید احمد سعید:  ٹرین آپریشن کی جزوی بحالی کا معاملہ ایک بار پھر لٹک گیا، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 10 مئی سے جزوی ٹرین آپریشن بحالی کی مخالفت کر دی۔ کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث ٹرین آپریشن بحالی ممکن نہیں۔ 
ذرائع کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 10 مئی سے جزوی ٹرین آپریشن بحالی کی مخالفت کر دی۔اسلام آباد میں ہونے والی میٹنگ میں وزیر ریلوے کی جانب سے سے جزوی ٹرین آپریشن بحالی کی درخواست کی گئی، جس پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث ٹرین آپریشن بحالی ممکن نہیں، وزارت ریلوے کی جانب سے ٹرین آپریشن بحالی کے حوالے سے معاملہ نیشنل کورآرڈینیشن کمیٹی میں لے جایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ٹرین آپریشن بحالی کے حوالے سے 8مئی کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں حتمی فیصلہ متوقع ہے۔

خیال رہے کہ وزارت ریلوے نے 10 مئی کو ٹرین آپریشن جزوی بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے ریلوے ہیڈکوارٹر نے ٹرین آپریشن کی بحالی کے بعد خصوصی ٹرینوں کے حوالے سے ایس او پیز جاری کیے۔ سی ای او ریلوے کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز لاہور سمیت ملک کی ساتوں ڈویژنوں کو ارسال کر دئیے، ایس او پیز اپ اینڈ ڈاون کی 30 خصوصی ٹرینوں کے لیے جاری کیے۔

ٹرینوں میں خیبر میل، عوام ایکسپریس، جعفر ایکسپریس، گرین لائن، علامہ اقبال ایکسپریس، تیزگام، پاکستان ایکسپریس، مہر ایکسپریس، سبک رفتار، اسلام آباد ایکسپریس، پاک بزنس، قراقرم ایکسپریس، شاہ حسین، ملت ایکسپریس اور سکھر ایکسپریس شامل ہیں، اینٹی کرونا انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے 7مئی کو فل ڈریس ریہرسل کی جائے گئی۔

ایس او پیز کے مطابق خصوصی ٹرین شیڈول کے دوران ریزرویشن دفاتر بند ہونگے،مسافروں کو ٹرینوں کی ٹکٹیں آن لائن حاصل کریں گے۔خصوصی ٹرینیں شیڈول میں شامل ریلوے سٹیشنوں پر ہی رکیں گئیں۔