ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

خسرو بختیار اور مخدوم ہاشم جواں کیخلاف نیب سے انکوائری کی پیشرفت رپورٹ طلب

 خسرو بختیار اور مخدوم ہاشم جواں کیخلاف نیب سے انکوائری کی پیشرفت رپورٹ طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک اشرف) وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار اورصوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کے اثاثوں کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ میں نیب تحقیقات ملتان سے لاہور منتقل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت، عدالت نے نیب سے دونوں وزراء کے خلاف انکوائری سے متعلق پیشرفت رپورٹ تیرہ مئی کو طلب کرلی ۔

جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے احسن عابد کی درخواست پر سماعت کی، نیب کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر سید فیصل بخاری پیش ہوئے، درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ مخدوم خسرو بختیار نے این اے 177 رحیم یار خان سے الیکشن لڑا، مخدوم ہاشم جواں بخت نے پی پی 259 رحیم یار خان سے انتخاب میں کامیابی حاصل کی، دونوں بھائیوں نے آمدن سے زائد اثاثے بنائے اور انہیں ظاہر نہیں کیا، مخدوم خسرو بختیار وفاقی وزیر اور ان کے بھائی مخدوم ہاشم جواں بخت صوبائی وِزیر ہیں، نیب ملتان کو ان کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست دی، نیب کی جانب سے کارروائی نہ کرنے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا، عدالت نے نیب کو قانون کے مطابق زیرالتواء درخواست کا تین ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا، نیب ملتان نے انکوائری اب مزید کارروائی کے لیے نیب لاہور بھجوادی ہے، انکوائری کی پیش رفت بارے آگاہ نہیں کیا جارہا۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت نیب انکوائری ملتان سے لاہور منتقل کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے، وکیل نےمزید استدعا کی کہ عدالت دونوں بھائیوں کے خلاف ریفرنس دائر کرنے اور نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم بھی دے۔

 عدالتی استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ دونوں اراکین اسمبلی کے خلاف تحقیقات کے لیے ریکارڈ اکٹھا کیا ہے، جسٹس سردار احمد نعیم نے نیب پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریری طور پرعدالت کو آگاہ کریں کہ 20 مارچ سے اب تک انکوائری میں کیا کیا؟؟ دو رکنی بنچ نے کیس کی مِزید سماعت تیرہ مئی تک ملتوی کردی۔

Sughra Afzal

Content Writer