سٹی42: تمام مسلمانوں کو سٹی42 کی جانب سے رمضان کا پاک، رونقوں، رحمتوں والا مہینہ مبارک ہو۔ یہ ایسا مہینہ ہے جو مسلمانوں کے لیے بخشش کا ذریعہ ہے۔ اس ماہ ہر طرف خوشی کی لہر محسوس ہوتی ہے ،شیطان کو قید کردیا جاتا ہے اور اللہ پاک رحمتوں، برکتوں کی بارش کرتا ہے۔مغفرت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں۔
رمضان ایسا پیارا مہینہ ہے جس کے استقبال کے لئے آسمان پر بھی تیاریاں ہوتی ہیں اور جنت سجائی جاتی ہے۔ ماہرمضان انسانی روح کیلئے بہار کی حیثیت رکھتا ہے۔ کتنے خوش قسمت لوگ ہیں ہم جنھیں ایک بار پھر برکت و فضیلت والا مہینہ ملنے والا ہے۔ورنہ کتنے ہم میں سے اس بہار کو دیکھے بغیر دنیا سے چلے گئے۔اب ہمارا یہ فرض ہے کہ اس ماہ رمضان میں ایسے اچھے اچھے کام کریں کہ ہم سے ہمارا اللہ خوش ہوجائے اور جنت کا ٹکٹ اسی ماہ رمضان میں کٹا لیں۔
روزے رکھنا ، تراویح پڑھنا، ذکر و اذکار کرنا ، صبح فجر کے وقت ایک انجانی سی خوشی کا محسوس ہونا، سحر و افطار کا پر نور اور برکتوں بھرا ٹائم، یہ ایک بہت پر مسرت مہینہ ہے ۔ رمضان کا مہینہ وہ ماہ مبارک ہے جس میں قرآن نازل کیاگیا۔ روزے مسلمانوں پر فرض کیے گئے ہیں، روزہ ہر حالت میں رکھنا چاہیے۔ اس مہینے کے تین عشروں میں ان مخصوص دعائیں کا خصوصی اہتمام کریں۔
پہلے عشرے کی دعا:
اَللّٰھُمَّ رَبِّ اغْفِرْ وَ ارْحَمْ وَ اَنْتَ خَیْرُالرّٰحِمِیْن
دوسرے عشرے کی دعا:
اَسْتَغْفِرُاللّٰہَ رَبِّیْ مِنْ کُلِّ ذَنْبٍ وَّ اَتُوْبُ اِلَیْہ
تیسرے عشرے کی دعا:
اَللّٰھُمَّ اِنَّکَ عُفُوٌّا تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّیْ
اس بابرکت مہینے میں سب سے پہلے تو یہ تہیہ کرلیں کہ پانچ وقت کی نماز اور نماز تراویح ضرور پڑھیں گے اور ایک بار قرآن پاک کو ضرور دہرائیں گے۔ اس کے علاوہ نوافل پڑھیں اور اسلامی کتب کا مطالعہ کریں۔ غیبت ، چغل خوری، گالی گلوچ، برے خیالات سے بچیں اور صدقہ خیرات کرتے رہیں۔یہ تو ہیں وہ اعمال جو آپ عموما ہر سال کرنے کی کوشش کرتے ہوں گے لیکن اس ماہ رمضان ذرا منفرد نیکیاں اور اعمال کرنے کی کوشش کریں۔