( حسن علی ) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے محکمہ خوراک کی ناقص پالیسیوں کے باعث رمضان میں آٹے کی سپلائی روکنے کی دھمکی دے دی۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عاصم رضا کا کہنا ہے کہ فلور ملوں کی گندم کو روکا جا رہا ہے جبکہ ملوں کو سرکاری گندم کی فراہمی بھی بند ہے ایسے میں ملیں نہیں چل سکتی۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عاصم رضا کا کہنا ہے کہ محکمہ خوراک کی ناقص پالیسیوں کے باعث آٹے کا بحران پیدا ہو سکتا ہے کیونکہ محکمہ خوراک کی جانب سے فیڈ ملز کی بجائے فلور ملز کی گندم کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے اور اگر فلور ملز کو گندم نہیں ملے گی تو آٹا کیسے بنے گا۔
انکا کہنا تھا کہ وسطی اور جنوبی پنجاب میں فلور ملز کی گندم کی پکڑ دھکڑ کو فوری روکا جائے اور وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزیر خوارک فلور ملز کے خلاف کارروائی کا نوٹس لیں۔ انکا کہنا ہے کہ لاہور میں غلہ منڈی میں گندم کی قیمت 1330 روپے فی من تک پہنچ چکی ہے اور اگر یہی حالات رہے تو فلور ملیں آٹا نہیں بنا سکیں گی۔