ویب ڈیسک: مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہاہے کہ2017 کے بعد ملکی معیشت کی تباہی اور موجودہ صورتحال کے عمران خان سمیت پانچ کرداروں کو سامنے لاکر کارروائی ہونی چاہیے تاکہ آئندہ سے کوئی ملک وقوم کے ساتھ کھلواڑ نہ کرسکے۔
تفصیلات کےمطابق شیخوپورہ میں چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کی آمد کے سلسلہ میں استقبالیہ کیمپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان کو صادق امین کا لقب دینے والا آج خود کہہ رہا ہے کہ عمران خان مکمل صادق اور امین نہیں تھا، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی لا اینڈ آرڈر اور موجودہ صورتحال کا ذمہ دار عمران خان ہے۔
ان کاکہناتھا کہ جس نے پاکستان کی ترقی اور سلامتی کے راستے پر کانٹے بچھائے اور گڑھے کھودے، موجودہ قومی حکومت عمران خان کے کانٹوں کی صفائی کرکے گیارہ جماعتوں نے اپنی سیاست کی قربانی دی اور ملک کو بچایا ،مگر بدقسمتی سے ایک جماعت کہتی ہے کہ ملک جہاں جاتا ہے جائے ہماری سیاست بچنی چاہیے ۔
میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ 2017 کے بعد ملکی معیشت کی تباہی اور موجودہ صورتحال کے عمران خان سمیت پانچ کرداروں کو سامنے لاکر کارروائی ہونی چاہیے تاکہ آئندہ سے کوئی ملک وقوم کے ساتھ کھلواڑ نہ کرسکے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سات مارچ کو اہل شیخوپورہ محترمہ مریم نواز کا تاریخ ساز استقبال اور ورکرز کنونشن میں شرکت کرکے یہ ثابت کریں گے شیخوپورہ مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے،دریں اثنا مسلم لیگ ن سٹی شیخوپورہ کے زیراہتمام محترمہ مریم نواز کی آمد کے سلسلہ میں موٹرسائیکل ریلی بھی نکالی گئی۔