(ویب ڈیسک)چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی تقریر اور بیانات چلانے پر پیمرا کی پابندی کیخلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ آفس نے اعتراض عائد کر دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ آفس نے پٹیشن کے ساتھ پیمرا کے پابندی کے نوٹیفکیشن کی مصدقہ نقل نہ لگانے کا اعتراض لگایا ہے، جسٹس شاہد بلال حسن کل رجسٹرار آفس کے اعتراض پر سماعت کریں گے، جسٹس شاہد بلال حسن رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم یا برقرار رکھنے کا حکم دیں گے
واضح رہے کہ عمران خان نے پیمرا کی پابندی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا ، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پیمرا نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے نشریات پر پابندی کا حکم نامہ جاری کیا ہے ، پیمرا کے احکامات غیر قانونی غیر آئینی اور آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی ہے ، عمران خان کی درخواست میں پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے ۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پیمرا نے پیمرا آرڈیننس 2002 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حکم جاری کیا ہے ، نشریات پر پابندی عائد کرنا بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے ، لاہور ہائیکورٹ پیمرا کے پابندی سے متعلق احکامات کالعدم قرار دینے کا حکم دے ۔