( حافظ شہباز علی ) پی سی بی ہائی پرفارمنس سنٹر میں ہیڈ آف انٹر نیشنل پلئیر ڈویلپمنٹ سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ پاکستان کو نمبر ون ٹیم بنانا ان کا ہدف ہے مل کر کام کریں گے تو بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں گفتگو کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ منسلک ہونا عزت کی بات ہے اب بھی ویسے ہی جذبہ ہے جیسے پاکستان کے لئے کھیلنے کے لئے تھا، پلئیرز ڈویلپمنٹ کے لیئے ایک اچھا ویژن بنایا گیا ہے۔
سابق آف اسپنر نے کہا کہ پاکستان ٹیم دنیا کی نمبر ایک ٹیم اور برانڈ بنائیں گے۔ ہم سب نے مل کر کام کرکے نوجوانوں کو ورلڈ کلاس کھلاڑی بنانا ہے۔
موجودہ صورت حال میں کرکٹ بحالی پر ثقلین مشتاق نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے طویل وقفے کے بعد کھیل کی سرگرمیاں شروع کرنا مشکل تو ہوگا لیکن ایسے ہی تو بیٹھا نہیں جا سکتا۔ یقینی طور پر مصباح الحق اور ان کے ساتھی اچھا پلان ترتیب دے رہے ہوں گے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے پی سی بی ویلفیئر فنڈ کیلئے پندرہ لاکھ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مالی امداد سے مسائل سے دوچار سابق کرکٹرز، میچ آفیشلز، سکوررز اور گراؤنڈ سٹاف کی معاونت کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق وسیم خان پی سی بی ویلفیئر فنڈ میں پندرہ لاکھ روپے عطیہ کریں گے۔ وسیم خان نے ذاتی حیثیت میں اگلے تین ماہ میں پندرہ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا جو مالی مسائل سے دوچار سابق کرکٹرز، میچ آفیشلز،سکوررز اور گراؤنڈز مین کی امداد کے لیے خرچ ہوں گے۔
وسیم خان نےرقم عطیہ کرنے کا رضاکارانہ فیصلہ ان سخت حالات میں کھیل کے سٹیک ہولڈرز کی مدد کے لیے کیا ہے۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ یہ میرا ایک چھوٹا سا حصہ ہے، ویلفیئر فنڈ پہلے ہی سٹیک ہولڈرز کی مالی معاونت کے لئے قائم ہے۔ پی سی بی کے ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافہ کرنا ماضی میں روایت رہی ہے مگر اس کے برعکس ہم نے آئندہ 12 ماہ کے لیے اپنے اخراجات کو مزید کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے صرف ایک لاکھ روپے یا اس سے کم تنخواہوں والے ملازمین کے معاوضوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔