ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

قطار و انتظار کی جھنجھٹ ختم، چالان جمع کرانے کیلئے ای سسٹم متعارف

قطار و انتظار کی جھنجھٹ ختم، چالان جمع کرانے کیلئے ای سسٹم متعارف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی اکبر) شہریوں کو ٹریفک چالان جمع کرانے کے لیے اب لمبی قطاروں میں نہیں لگنا پڑےگا، پنجاب حکومت نے جرمانوں کی ادائیگی کے لیے ای سسٹم متعارف کرادیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی کے ای سسٹم اور ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ٹائم شیڈولنگ نظام کا افتتاح کردیا، اب ٹریفک جرمانوں کی آن لائن ادائیگی سے عوام کو آسانی ہوگی، آن لائن ٹائم شیڈول کے ذریعےشہری لاہور کے 18 ڈرائیونگ سینٹرز میں گھر بیٹھے لائسنس کے حصول کیلئے وقت اور تاریخ حاصل کرسکیں گے، ای سسٹم کے تحت ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آن لائن ٹائم شیڈول کا دائرہ کار بھی دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔

وزیر اعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ اچھی کارکردگی دکھانے پر ٹریفک وارڈنز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ ان کے پروموشن اور دیگر مسائل حل کیے جائیں گے۔

سردار عثمان بزدار نے لاہور ٹریفک پولیس کو جرمانوں کیلئے ای سسٹم اجراء پر مبارکباد دی، کہتے ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہماری پالیسی ہے،ٹریفک قوانین کو باربار توڑنے کے عادی افراد کا ریکارڈ خود بخود مرتب ہو جائے گا،ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی کو آئندہ بھی عوام کی سہولت اورسروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کیلئے استعمال کرتے رہیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب ڈیجیٹل دور میں داخل ہوچکا ہے, ہمارے ان اقدامات سے  عوام کو نہ صرف لمبی لمبی قطاروں اور طویل انتظار کی زحمت سے چھٹکارہ ملے گا بلکہ سروس ڈلیوری میں بھی بہتری آئے گی۔

 انسپکٹرجنرل پولیس، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک، سی سی پی او لاہور، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، سیکرٹری اطلاعات، سی ٹی او لاہوراور متعلقہ حکام نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

Sughra Afzal

Content Writer