(عرفان ملک ) سیف سٹی اتھارٹی نے شہریوں کو ہراساں کرنا شروع کر دیا، چالان جمع نہ کروانے کا بہانہ بنا کر شہریوں کو سڑکوں پر روکا جانے لگا، ٹریفک پولیس بھی غیر قانونی اقدام میں شامل ہوگئی۔
سیف سٹی اتھارٹی کی جانب سے موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کے بغیر ہی ای چالان کا آغاز سابق دور حکومت میں شروع کیا گیا تھا، جس کے بعد موجودہ حکومت بھی اس غیر قانونی اقدام کو روکنے میں ناکام رہی۔ گزشتہ مالی سال میں سیف سٹی اتھارٹی کی جانب سے 20 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ای چالان کیے گئے تاہم شہریوں کی بڑی تعداد نے ای چالان کو غیر قانونی جانتے ہوئے چالان رقم ہی جمع نہ کروائی جس کے بعد اب سیف سٹی اتھارٹی نے شہریوں کو غیر قانونی چالان بھجوانے کے بعد اب انسے زبردستی پیسے نکلوانے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
ٹیمیں شہریوں کو سڑکوں پر روک کر ہراساں کررہی ہیں جبکہ ٹریفک پولیس بھی اس غیر قانونی کام میں سیف سٹی اتھارٹی کی الہ کار بن چکی ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ سیف سٹی اتھارٹی کی ٹیمیں گاڑی کے کاغذات ضبط کر کے ٹریفک پولیس کے حوالے کر رہی ہیں جو کہ غیر قانونی فعل ہے۔