سٹی42: اب ہوں گی شہرکی سڑکیں روشن، میٹروپولیٹن کارپوریشن نے25 شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹس لگانے کے پائلٹ پراجیکٹ کا جیل روڑ سے آغاز کردیا، ایڈمنسٹریٹرایم سی ایل وکمشنرلاہورآصف بلال لودھی کی نگرانی میں کام شروع کیاگیا۔
ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن وکمشنر لاہور آصف بلال لودھی کی نگرانی میں جیل روڈ پرخراب305 اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کا آغازکیا گیا، چیف آفیسرایم سی ایل محمود مسعود تمنا نےاسٹریٹ لائٹس آپریشنل کرنےبارے امور پر بریفنگ دی۔ کمشنر وایڈمنسٹریٹرایم سی ایل نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ شہر میں دولاکھ 50 ہزاراسٹریٹ لائٹس کے پوائنٹس ہیں جن میں سے40 فیصد نان آپریشنل ہیں، پہلے مرحلے میں25 شاہراہوں کو100 فیصد روشن کرنا ہے جبکہ دوسرے مرحلےمیں مزید 25 شاہراہوں کی اسٹریٹ لائٹس آپریشنل ہوں گی۔
ایک سوال کے جواب میں آصف بلال لودھی بولے میونسپل سروسز کی فراہمی کے لیے سڑکوں پر نکلنا ہوگا، اسٹریٹ لائٹس کی آٹومیشن کے لیے ایپ تیار کی جارہی ہے جس سے ایم سی ایل کا سٹاف منسلک ہوگا، ایپ کے ایکٹیویشن کے بعد شہریوں کوبھی رسائی دی جائے گی تاکہ شکایت رجسٹرڈ ہوسکے۔
ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کا مزید کہنا تھا کہ شہرکی مرکزی شاہراہوں کو رواں ماہ میں ہی آپریشنل کرنا ہے، اس سلسلےمیں ایم سی ایل کی پوری مشینری اوراسٹاف کو متحرک کردیا گیا ہے۔